ایف آئی اے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل نے گجرات اور گوجرانوالہ میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر شہریوں سے رقوم بٹورنے والے چار انسانی اسمگلرز کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، گرفتار ملزمان نے شہریوں کو دبئی، سعودی عرب اور دیگر ممالک میں ملازمت کا جھانسہ دے کر 3 کروڑ 36 لاکھ روپے سے زائد کی رقم ہتھیائی۔ متاثرین کو ویزوں، ٹکٹوں اور ملازمت کے جعلی وعدوں کے ذریعے لُوٹا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق، یہ کارروائی ایک وسیع تر مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث گروہوں کو کیفرِ کردار تک پہنچانا ہے۔ ادارے نے رواں سال مختلف زونز میں درجنوں گرفتاریاں کی ہیں، جن میں ملتان زون کی جولائی 2025 میں کی گئی کارروائی بھی شامل ہے۔
اس کارروائی میں انتہائی مطلوب ملزم فیروز قیصر کو بھی گرفتار کیا گیا تھا جس کے خلاف 9 مقدمات درج ہیں۔ فیروز قیصر پر منی لانڈرنگ اور شہریوں سے 82 لاکھ روپے ہتھیانے کا الزام ہے۔ دیگر ملزمان میں محمد اعظم اور محمد وزیر شامل تھے، جنہوں نے بالترتیب 6 لاکھ اور 23 لاکھ 60 ہزار روپے کی رقم متاثرین سے لی۔
پی ٹی اے اور ایف آئی اے کی کارروائی: برطانوی سمز فروخت کرنے والے گرفتار
ایف آئی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بیرون ملک ملازمت کے سلسلے میں صرف مصدقہ ایجنٹس یا سرکاری طور پر رجسٹرڈ اداروں سے ہی رابطہ کریں، اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع ایف آئی اے کے ہیلپ لائن پر دیں۔