اسپین سے تعلق رکھنے والے معروف گنیز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر کرسٹین رابرٹو لوپیز روڈریگیز نے ایک اور حیران کن کارنامہ انجام دے دیا۔
انہوں نے اونچی ہیلز والے جوتے پہن کر پیچھے کی طرف 100 میٹر کا فاصلہ صرف 16.55 سیکنڈ میں طے کر کے اپنا ہی سابقہ عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔ اس سے قبل یہی ریکارڈ انہوں نے 2023 میں 20.05 سیکنڈ میں بنایا تھا۔
یہ نیا کارنامہ انہوں نے اسپین کے ایک پروگرام کے دوران انجام دیا، جس کی ویڈیو اور تفصیلات گنیز ورلڈ ریکارڈز نے بھی جاری کی ہیں۔ ادارے کے مطابق، اس مقابلے کے لیے ہیلز کی کم از کم اونچائی 2.76 انچ ہونی چاہیے تھی، جب کہ ان کا اگلا سرا یعنی ٹِپ 0.59 انچ سے زیادہ چوڑا نہیں ہونا چاہیے تھا۔
کرسٹین رابرٹو لوپیز دنیا کے ان چند افراد میں شامل ہیں جن کے پاس 80 سے زائد گنیز ورلڈ ریکارڈز موجود ہیں۔ وہ ہر بار کچھ نیا اور انوکھا کر دکھاتے ہیں۔ ان کے دیگر دلچسپ ریکارڈز میں شامل ہے لکڑی کے کھڑاؤں پہن کر 400 میٹر کا فاصلہ 1 منٹ 1.38 سیکنڈ میں طے کرنا، چپل پہن کر 100 میٹر دوڑ 12.10 سیکنڈ میں مکمل کرنا، اور منہ میں چمچ پر انڈا رکھ کر 100 میٹر صرف 17.21 سیکنڈ میں طے کرنا۔
ان کے ریکارڈز صرف دوڑ تک محدود نہیں۔ انہوں نے انگلی پر پول کیو (بلئرڈ اسٹک) کو متوازن رکھ کر ایک میل کا فاصلہ 5 منٹ 52.30 سیکنڈ میں طے کرنے، اور اسپیس ہاپر پر 100 میٹر 29.91 سیکنڈ میں مکمل کرنے جیسے کارنامے بھی انجام دیے ہیں۔
کرسٹین کی یہ کامیابیاں نہ صرف جسمانی مہارت اور توازن کا ثبوت ہیں بلکہ یہ ظاہر کرتی ہیں کہ اگر کوئی شخص جنون، تخلیقی سوچ اور محنت کے ساتھ آگے بڑھے تو وہ معمولی سی چیز کو بھی عالمی ریکارڈ میں بدل سکتا ہے۔