گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کی سازشیں بے نقاب ہو چکی ہیں، اور معصوم لوگوں کی بددعائیں اسے جینے نہیں دیں گی۔
مزار قائد پر حاضری کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے بھارتی وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے جان بوجھ کر پاکستان میں پانی چھوڑا، جس کے سنگین اثرات سامنے آ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا کی رپورٹنگ سے ان کے مذموم عزائم واضح ہو گئے ہیں۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ "مودی! تم نے پہلے ہمارے جہاز گرائے تھے، اب ہم تمہاری آئی ٹی ایکسپورٹ گرائیں گے”۔ انہوں نے کہا کہ چند سالوں میں پاکستان "معرکہ معیشت” منائے گا اور تمام سیاسی جماعتیں اس قومی مشن پر ایک پیج پر ہیں۔
گورنر سندھ نے مودی کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ "ہم تم سے لڑیں گے، ہماری تاریخ اٹھا کر دیکھ لو”۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ہماری مساجد اور بچوں کو نشانہ بنایا، لیکن پاکستانی قوم اور افواج جانتی ہیں کہ دفاع کیسے کیا جاتا ہے۔
سیاست میں جوتا، سیاہی اور گالم گلوچ پی ٹی آئی نے متعارف کرائے: خواجہ آصف
کامران ٹیسوری نے کہا کہ دشمن کو شکست دینے میں پاکستانی افواج کا کردار تاریخی ہے۔ شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "شہداء ہمارا فخر ہیں اور رہیں گے”، اور آج ہم سکون سے سوتے ہیں کیونکہ ہمارا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔
انہوں نے ترکی، چین، سعودی عرب، یو اے ای، قطر، آذربائیجان اور روس کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے پاکستان کی معیشت کو سہارا دینے میں کردار ادا کیا۔ گورنر کا کہنا تھا کہ ایس آئی ایف سی کے تحت ون ونڈو آپریشن کامیابی سے جاری ہے، اور کوئی ہمیں معاشی میدان میں کامیابی سے نہیں روک سکتا۔