وزیر دفاع خواجہ آصف نے علیمہ خان پر انڈے پھینکے جانے کے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے تحریک انصاف کو سیاسی بدتہذیبی کا بانی قرار دے دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ سیاست میں جوتا، سیاہی اور گالم گلوچ کا کلچر پی ٹی آئی نے متعارف کرایا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ مسجد نبویؐ میں مریم اورنگزیب کو گالیاں دینا اور ان کے بال نوچنے جیسے واقعات نہایت افسوسناک تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی علالت کا مذاق اڑایا گیا، اور سیاسی مخالفین کی فیملیز کو بارہا نشانہ بنایا گیا جو ایک شرمناک روایت ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر غلاظت کا ماحول بھی پی ٹی آئی نے ہی پیدا کیا، اور اب وہی زبان، وہی رویہ ان کے اپنے گھر کے خلاف استعمال ہو رہا ہے۔ "آگ اب اپنے دامن تک پہنچ گئی ہے”، انہوں نے طنزیہ انداز میں لکھا۔
دوسری جانب وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ علیمہ خان ایک بزرگ خاتون ہیں اور عمران خان کے ساتھ ان کی وفاداری سب پر عیاں ہے، ان کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان پر دو انڈے پھینکے گئے تھے، جن میں سے ایک ان کو لگا۔ واقعے کے بعد تحریک انصاف کے کارکنوں نے شدید احتجاج کیا، جبکہ پولیس نے موقع سے دو خواتین کو حراست میں لے کر اڈیالہ چوکی منتقل کیا۔ راولپنڈی پولیس کے مطابق ان خواتین کا تعلق خود پی ٹی آئی سے بتایا جا رہا ہے۔
یہ واقعہ سیاسی ماحول میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور اندرونی اختلافات کی نشاندہی کر رہا ہے، جہاں سیاسی جماعتیں نہ صرف ایک دوسرے بلکہ اپنی صفوں میں بھی عدم برداشت کا شکار نظر آ رہی ہیں۔