اگلی بار اسکور 60-0 ہوگا، ایئر وائس مارشل شہریار خان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ایئر وائس مارشل شہریار خان نے یومِ دفاع کی مناسبت سے کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان کے دشمنوں کو ہمیشہ منہ کی کھانی پڑی ہے، اور "اگلی بار اسکور 6-0 نہیں، بلکہ 60-0 ہوگا۔”

انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر ہمیں اس دن کی یاد دلاتا ہے جب پاکستانی قوم اور افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ "ہم ہر محاذ پر مکمل طور پر تیار ہیں۔”

latest urdu news

ایئر وائس مارشل شہریار خان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے ہر دور میں عوام کی توقعات پر پورا اترنے کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا، "ہمیں فخر ہے کہ پاک فضائیہ نہ صرف جنگی حالات میں بلکہ امن کے وقت بھی قوم کی خدمت میں پیش پیش رہی ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ بنیان المرصوص جیسے جدید فضائی مشقوں نے 6 ستمبر کی روح کو تازہ کیا، اور یہ ثابت کیا کہ پاکستان کی فضائی حدود کا دفاع انتہائی تربیت یافتہ، باحوصلہ اور تکنیکی طور پر ماہر فضائیہ کے ہاتھوں میں ہے۔

ملک بھر میں یومِ شہداء و دفاع قومی جذبے اور عزمِ نو کے ساتھ منایا گیا۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31، جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ نمازِ فجر کے بعد ملک بھر کی مساجد میں پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

یاد رہے کہ رواں برس مئی میں ہونے والی شدید جھڑپوں میں پاکستان کی مسلح افواج نے نہ صرف دشمن کے کئی جدید رافیل طیارے مار گرائے بلکہ کئی اہم ایئر فیلڈز کو بھی نشانہ بنا کر دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا تھا۔

اپنے خطاب کے اختتام پر ایئر وائس مارشل شہریار خان نے تمام شہداء کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنے بہادر سپاہیوں پر ناز ہے، جنہوں نے وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter