گجرات شہر میں رات بھر کی بارش کے بعد سیلابی صورتحال

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

گجرات شہر میں رات گئے ہونے والی شدید بارش نے شہری زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا۔ مسلسل گھنٹوں جاری رہنے والی بارش کے بعد شہر کے بیشتر علاقے سیلابی صورتحال کا منظر پیش کر رہے ہیں، جہاں اہم شاہراہوں اور گلی محلوں میں پانی جمع ہو گیا ہے، جب کہ کئی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں، دکانوں اور مساجد میں بھی داخل ہو چکا ہے۔

latest urdu news

ذرائع کے مطابق، جیل چوک، جی ٹی ایس چوک، کچری چوک اور رحمان شہید روڈ جیسے اہم مقامات پر پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے۔ ان مقامات پر گاڑیاں بند ہو گئیں، جبکہ موٹر سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

بارش کے باعث متعدد رہائشی علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، خاص طور پر نشیبی علاقوں میں مکین پوری رات پانی نکالنے کی کوششوں میں مصروف رہے۔ خواتین، بچے اور بزرگ شدید اذیت کا شکار ہیں اور انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی خاطر خواہ امدادی کارروائی شروع نہیں کی گئی۔

مساجد میں پانی داخل ہونے سے نمازیوں کو عبادت میں مشکلات پیش آئیں، جبکہ کاروباری مراکز میں دکانوں کا سامان خراب ہو گیا ہے۔ کپڑوں، جوتوں، اور جنرل اسٹورز میں موجود اشیائے خوردونوش اور دیگر سامان کو نقصان پہنچا ہے، جس سے تاجروں کو لاکھوں روپے کے نقصان کا سامنا ہے۔

گجرات میں سیلاب متاثرہ 83 مواضعات کی مدد جاری

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ گجرات شہر میں نکاسی آب کا نظام پہلے ہی سے ناکارہ ہو چکا ہے، اور ہر بارش کے بعد ایسی ہی صورتحال پیدا ہوتی ہے۔ شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کو تنقید کا نشانہ بنایا اور مطالبہ کیا کہ فوری طور پر نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔

ابھی تک محکمہ بلدیات یا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئی جامع پلان یا عملی قدم نظر نہیں آ رہا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بارش کا سلسلہ مزید جاری رہا تو صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے، جس سے جانی و مالی نقصان کا خطرہ بڑھ جائے گا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter