سندھ حکومت کے ترجمان اور میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ سندھ میں آنے والے سیلاب سے کسی بھی بیراج کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔
انہوں نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ 4 ستمبر کو سندھ میں بڑا سیلابی ریلا داخل ہوگا جس کی وجہ سے ہائی فلڈ کی صورتحال پیدا ہوگی، لیکن صوبے میں سپر فلڈ کے حوالے سے مکمل انتظامات کیے جا چکے ہیں۔
ارسلان اسلام شیخ نے بتایا کہ سیلاب کی ممکنہ صورتحال کے پیش نظر 36 مقامات کو حساس قرار دیا گیا ہے، جبکہ سیلاب سے تقریباً 16 ہزار دیہات اور 16 لاکھ افراد متاثر ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے یقین دلایا کہ گڈو بیراج کی گنجائش ساڑھے 12 لاکھ کیوسک اور سکھر بیراج کی ساڑھے 9 لاکھ کیوسک ہے، اور یہ بیراج اس حجم کے پانی کو برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
میئر سکھر نے کہا کہ حفاظتی بندوں کو مضبوط اور پکا کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت ممکنہ سپر فلڈ کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر چکی ہے اور عوام کو بلاوجہ گھبراہٹ کی ضرورت نہیں ہے۔