افریقی ملک سوڈان کے مغربی علاقے مررا پہاڑی سلسلے میں شدید بارشوں کے بعد آنے والی لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے۔
یہ افسوسناک واقعہ 31 اگست کو پیش آیا جب مسلسل بارشوں نے پہاڑوں کی زمین کو کمزور کر دیا اور ایک بڑا مٹی کا تودہ ایک گاؤں پر آن گرا، جو مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
سوڈانی فوج نے تصدیق کی ہے کہ ملبے تلے کئی افراد دبے ہوئے ہیں جبکہ متاثرہ علاقے میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ تاہم، علاقہ دشوار گزار ہونے اور مقامی سڑکوں کے شدید متاثر ہونے کی وجہ سے امداد کی فراہمی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
واقعے کے بعد سوڈان لبریشن مومنٹ نے اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی امدادی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کریں تاکہ بچ جانے والے افراد کو ریسکیو کیا جا سکے اور متاثرین کی بنیادی ضروریات پوری کی جا سکیں۔
افغانستان میں تباہ کن زلزلہ، کم از کم 812 افراد جاں بحق، 2700 سے زائد زخمی
واضح رہے کہ سوڈان اپریل 2023 سے خانہ جنگی اور داخلی انتشار کا شکار ہے، جس کے باعث پہلے ہی لاکھوں شہری مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ایسے میں یہ قدرتی آفت صورتحال کو مزید سنگین بنا رہی ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر فوری عالمی امداد نہ پہنچی تو ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔