پاکستان کی معروف اداکارہ ماورا حسین نے خواتین کی مالی آزادی کی ضرورت اور اہمیت پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عورت کے پاس اپنے کمائے ہوئے پیسے ہونا نہ صرف اس کی خودمختاری بلکہ اس کے اعتماد میں بھی اضافہ کرتا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک کلپ میں ماورا حسین نے کہا: "میں یہ پیغام تمام لڑکیوں تک پہنچانا چاہتی ہوں کہ آج کی دنیا میں مالی آزادی سے بڑی کوئی چیز نہیں۔ چاہے آپ کی فیملی کتنی بھی امیر کیوں نہ ہو، آپ کا بیک گراؤنڈ کتنا ہی مضبوط ہو یا آپ کے شوہر اور سسرال والے کتنا ہی دولت مند کیوں نہ ہوں، لیکن جب آپ کے پاس اپنی محنت سے کمائے گئے پیسے ہوں گے تو آپ کا اعتماد سب سے بڑھ کر ہوگا۔”
اداکارہ کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔ متعدد صارفین نے ان کی بات کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں خواتین کے لیے اپنی آمدنی کا ہونا بہت ضروری ہے تاکہ وہ اپنے فیصلوں میں خودمختار رہ سکیں۔
دوسری جانب کچھ صارفین نے اس پر اعتراض بھی کیا کہ موجودہ حالات میں جب نوکریاں کم ہیں اور کمانا آسان نہیں، تو ایسی باتیں عملی طور پر ہر کسی کے لیے ممکن نہیں۔
ماورا حسین کے اس کلپ نے ایک بار پھر خواتین کی مالی آزادی کے موضوع کو عوامی بحث کا حصہ بنا دیا ہے۔