سیالکوٹ ایئرپورٹ پر اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ کے دو کارندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
عمرہ کے لیے سعودی عرب جانے والے ایک مسافر کے پیٹ سے کوکین سے بھرے 40 کیپسولز برآمد ہوئے جن میں مجموعی طور پر 230 گرام کوکین موجود تھی۔
ملزم کی نشاندہی پر اس کا سہولت کار ایئرپورٹ کی پارکنگ سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کے پیٹ سے منشیات سے بھرے کیپسولز نکالے۔
اے این ایف کے ترجمان نے کہا کہ مقدس عمرہ کے سفر کو منشیات اسمگلنگ کے لیے استعمال کرنا انتہائی شرمناک عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے این ایف جدید ٹیکنالوجی اور خفیہ اطلاعات کی مدد سے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر منشیات اسمگلنگ نیٹ ورکس کے خلاف بھرپور کارروائی کر رہی ہے۔
سیالکوٹ ایئرپورٹ پر فلائیٹ آپریشنز بند، رن وے زیرِ آب
ترجمان نے مزید بتایا کہ منشیات کی بیرون ملک ترسیل روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ ملک کو منشیات کے خلاف محفوظ بنایا جا سکے۔