مشہور یوٹیوبر ڈکی بھائی (سعد الرحمان) کی اہلیہ عروب جتوئی کی عبوری ضمانت میں لاہور سیشن کورٹ نے 15 ستمبر تک توسیع کر دی ہے۔
عدالت میں ایڈیشنل سیشن جج نے کیس کی سماعت کی، جس میں عروب جتوئی اپنے وکیل چوہدری عثمان علی کے ہمراہ پیش ہوئیں۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ نیشنل سائبر کرائم ایجنسی (NCCIA) نے انہیں انکوائری نوٹس بھیجا ہے اور خدشہ ہے کہ انہیں گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ تاہم وہ تفتیش میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں، لہٰذا عدالت عبوری ضمانت منظور کرے۔
عدالت نے NCCIA سے آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں توسیع کر دی اور عروب جتوئی کو گرفتاری سے بھی روک دیا۔
مشہور یوٹیوبر ڈکی بھائی نے عدالت میں غیراخلاقی ویڈیوز بنانے کا اعتراف کر دیا
اس کیس کے ساتھ ہی ڈکی بھائی سعد الرحمان کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزامات کی بھی تحقیقات باقاعدہ طور پر شروع ہو چکی ہیں۔ ڈکی بھائی پہلے ہی نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کے ریمانڈ پر ہیں۔
ذرائع کے مطابق NCCIA نے مزید چار سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو بھی طلب کیا ہے، جن کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے۔