تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے افغانستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 39 رنز سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز اسکور کیے۔ کپتان سلمان علی آغا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 53 رنز بنائے اور آخر تک کریز پر ڈٹے رہے۔
ان کے علاوہ صاحبزادہ فرحان اور محمد نواز نے 21، 21 رنز کی معاون اننگز کھیلیں، جب کہ فخر زمان نے 20 رنز بنائے۔
جواب میں افغانستان کی ٹیم نے آغاز تو پراعتماد انداز میں کیا اور صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 93 رنز تک پہنچ گئی، مگر اس کے بعد صرف 4 رنز کے اضافے پر 5 وکٹیں گر گئیں، جس سے میچ کا پانسہ پلٹ گیا۔ راشد خان نے کچھ مزاحمت دکھاتے ہوئے 39 رنز کی اننگز کھیلی، مگر ٹیم 143 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
سہ ملکی ٹی 20 سیریز اور ایشیا کپ کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ شاہین شاہ آفریدی، محمد نواز اور سفیان مقیم نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر کپتان سلمان علی آغا کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔