لاہور کے علاقے ہئیر میں پولیس مقابلے کے دوران ایک ایسے ملزم کو ہلاک کر دیا گیا ہے جس نے کچھ روز قبل اپنی بیوی اور بچوں سمیت چار افراد کو قتل کیا تھا۔
پولیس کے مطابق، ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت عمران عرف مانی کے نام سے ہوئی ہے اور اس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ ایس پی کینٹ نے بتایا کہ ملزم نے خود ہی 15 پر کال کر کے اپنی بیوی اور بچوں کو قتل کرنے کی اطلاع دی تھی۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم نے کال پر یہ بھی کہا تھا کہ اب وہ پولیس والوں کو مارے گا۔
پولیس کے مطابق، جب ہئیر پولیس ملزم کو تلاش کرتے ہوئے راجا بھولا کے مقام پر پہنچی تو اس نے مبینہ طور پر اپنے ساتھیوں کے ساتھ پولیس پر فائرنگ کی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔ ایس پی کینٹ کا کہنا ہے کہ پولیس کے تعاقب کے دوران ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا، جبکہ باقی ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔
سی سی ڈی کے قیام کے بعد لاہور میں جرائم میں 60 فیصد کمی
واضح رہے کہ پنجاب میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (CCD) کی تشکیل کے بعد لاہور سمیت دیگر شہروں میں پولیس مقابلوں میں قتل، ڈکیتی اور چھینا جھپٹی کے ملزمان کی ہلاکت کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ اکثر پولیس مقابلوں میں پولیس کا یہ دعویٰ ہوتا ہے کہ ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوتے ہیں۔