خیبرپختونخوا حکومت نے سوات کو دو حصوں میں تقسیم کرکے ایک نیا ضلع بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر محکمہ ریونیو نے فوری اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق محکمہ ریونیو نے کمشنر ملاکنڈ اور ڈپٹی کمشنر سوات کو باقاعدہ مراسلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سوات کو بالائی سوات اور زیریں سوات میں تقسیم کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد انتظامی سہولت اور عوامی مسائل کا فوری حل ممکن بنانا ہے۔
مراسلے میں کمشنر اور ڈی سی سوات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تین روز کے اندر رپورٹ پیش کریں، تاکہ اگلے مرحلے میں رسمی کارروائی مکمل کی جا سکے۔ تجویز کے مطابق موجودہ ضلع سوات زیریں سوات کہلائے گا جبکہ بالائی سوات کے نام سے نیا ضلع قائم کیا جائے گا۔
سوات میں اسکول پرنسپل کے بروقت فیصلے نے 900 قیمتی جانیں بچالیں
یہ فیصلہ مقامی سطح پر انتظامی سہولت اور بہتر حکمرانی کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے، تاہم اس پر عوامی رائے اور سیاسی ردعمل کا انتظار کیا جا رہا ہے۔