دریائے چناب میں ہیڈ خانکی اور ہیڈ قادرآباد پر پانی کے بہاؤ میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے جبکہ دریائے ستلج اور دیگر مقامات پر اب بھی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔
محکمہ آبپاشی کے مطابق ہیڈ خانکی پر پانی کا بہاؤ ساڑھے 10 لاکھ کیوسک سے کم ہو کر 8 لاکھ 59 ہزار کیوسک رہ گیا ہے، جبکہ ہیڈ قادرآباد پر بہاؤ 9 لاکھ 96 ہزار 601 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
دریائے ستلج پر گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 61 ہزار کیوسک سے زائد ہے اور یہاں غیر معمولی سیلابی کیفیت برقرار ہے۔ اسی طرح ہیڈ مرالہ پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 91 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
علاوہ ازیں دریائے راوی میں بلوکی اور دریائے ستلج میں سلیمانکی کے مقامات پر بھی درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔
ہیڈ قادرآباد پر خطرناک صورتحال، بند ٹوٹنے کا خدشہ
ادھر بہاولپور میں دریائے ستلج کے سیلابی ریلے سے سیکڑوں ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں زیر آب آگئیں۔ کاشتکاروں کے مطابق کپاس اور دھان سمیت کئی فصلیں شدید نقصان کا شکار ہوئی ہیں۔