اسرائیلی فوج نے سرحدوں پر تازہ کمک پہنچا دی، فضائی حملے جاری، غزہ میں شہدا کی تعداد 62 ہزار 819 اور قحط کے باعث مزید ہلاکتیں۔
غزہ میں اسرائیلی فوج نے زمینی آپریشن کی تیاری تیز کر دی ہے اور سرحدی علاقوں میں تازہ فوجی کمک اور ٹینک تعینات کر دیے گئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کی سکیورٹی کابینہ آج اہم اجلاس طلب کر چکی ہے جس میں غزہ پر نئے فوجی آپریشن کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔
اس دوران غزہ پر اسرائیلی فضائی حملے بھی مسلسل جاری ہیں، جن میں مزید 64 فلسطینی شہید ہو گئے، جن میں امداد کے منتظر 13 شہری بھی شامل تھے، فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اب تک شہدا کی مجموعی تعداد 62 ہزار 819 اور زخمی افراد 1 لاکھ 58 ہزار 629 تک پہنچ چکے ہیں، علاوہ ازیں، خوراک کی شدید قلت اور قحط کی وجہ سے مزید 3 افراد ہلاک ہوئے، جس کے بعد خوراک نہ ملنے سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 303 ہو گئی ہے۔
غزہ: اسرائیلی بمباری سے النصر اسپتال پر حملہ، 3 صحافیوں سمیت 19 افراد شہید
یاد رہے کہ غزہ میں انسانی بحران شدید ہے، فضائی اور زمینی کارروائیوں کے باعث نہ صرف شہری جانوں کا نقصان ہو رہا ہے بلکہ خوراک اور بنیادی سہولیات کی شدید کمی بھی موجود ہے، جو عالمی سطح پر تشویش کا باعث ہے۔