اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ ان کا سلمان اکرم راجہ سے کوئی اختلاف نہیں، وہ فیملی کی طرح ہیں۔ عظمیٰ خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے ضمنی الیکشن نہ لڑنے کی ہدایت دی تھی۔
راولپنڈی، اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ ان کی سلمان اکرم راجہ سے کسی قسم کی تلخ کلامی نہیں ہوئی، وہ ہمارے وکیل اور فیملی کی طرح ہیں۔
علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو سپریم کورٹ سے ضمانت ملی لیکن سمجھ سے بالاتر ہے کہ میرے بچوں کو کیوں گرفتار کیا گیا، وہ بزنس اور کھیلوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ ان گرفتاریوں سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا، میں نے کہا ہے کہ مجھے بھی گرفتار کرلیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر سلمان اکرم کے اپنے کچھ مسائل ہیں یا ضمنی انتخابات کا معاملہ ہے تو وہ بہتر طور پر خود وضاحت کرسکتے ہیں۔
پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا مستعفی ہونے کا فیصلہ
اس موقع پر عمران خان کی دوسری بہن عظمیٰ خان نے کہا کہ اگر ضمنی انتخاب پر کوئی تنازع ہے تو پارٹی فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے ملاقات کے دوران واضح ہدایت دی تھی کہ ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لیا جائے۔
عظمیٰ خان کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ الیکشن میں جانے سے نااہلیوں کو جواز ملے گا اور مرضی کے امیدواروں کو کامیاب کرایا جائے گا، اس لیے پارٹی کو چاہیے کہ وہ صرف تحریک پر توجہ مرکوز کرے۔