خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں اور سیلاب سے بجلی کا نظام درہم برہم، سوات، شانگلہ اور بونیر کے ہزاروں صارفین اب بھی بجلی سے محروم، پیسکو کو 16 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان۔
پشاور ، خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلاب سے بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ پاور حکام کے مطابق سوات، شانگلہ اور بونیر میں 292 ٹرانسفارمر اور 49 فیڈرز کو نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں ہزاروں صارفین بجلی سے محروم ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق اب تک 2 لاکھ 12 ہزار صارفین کی بجلی بحال کردی گئی ہے تاہم 87 ہزار صارفین بدستور بجلی سے محروم ہیں۔
پشاور میں 33 فیڈرز مکمل جبکہ 9 جزوی طور پر بحال کیے گئے ہیں، تاہم 7 فیڈرز ابھی بھی خراب ہیں، جس کے باعث 2 لاکھ 99 ہزار صارفین متاثر ہیں۔
سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ ضلع سوات میں اب تک 63 فیصد صارفین بجلی سے محروم ہیں جبکہ شانگلہ میں 56 اور بونیر میں 46 فیصد بجلی بحال نہیں ہوسکی۔
بحالی کے کاموں کے لیے 10 تکنیکی ٹیمیں اور 87 فیلڈ اہلکار مصروف ہیں، 481 پولز اور 55 فیڈرز کی مرمت جاری ہے۔ تاہم بونیر اور سوات کے بڑے اسپتالوں کی بجلی بحال کردی گئی ہے۔
پیسکو کے مطابق حالیہ تباہی سے کمپنی کو 16 کروڑ 42 لاکھ روپے سے زائد نقصان ہوا ہے، جس میں صرف سوات میں نقصان کا تخمینہ 5 کروڑ 36 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔