9
فوڈ اتھارٹی گجرات کی کارروائی، ٹبی گوریاں میں جعلی شہد تیار کرنے والا یونٹ بے نقاب، ملزم گرفتار، بڑی مقدار میں جعلی شہد اور سامان برآمد۔
گجرات کے علاقے ٹبی گوریاں میں جعلی شہد تیار کرنے والا بڑا یونٹ پکڑا گیا۔ فوڈ اتھارٹی گجرات کی انسدادِ ملاوٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے موقع پر موجود ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔
چھاپے کے دوران جعلی شہد تیار کرنے کے لیے استعمال ہونے والا سامان اور بڑی مقدار میں جعلی شہد برآمد کیا گیا۔ فوڈ اتھارٹی کے مطابق ملزم شہد کی آڑ میں انسانی صحت کے لیے نقصان دہ اشیاء استعمال کر رہا تھا۔
حکام نے بتایا کہ یونٹ کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا ہے جبکہ گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ شاہین گجرات میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے اور عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کو ہرگز رعایت نہیں دی جائے گی۔