ایف آئی اے نے نیشنل بینک گجرات زون کے 6 اہلکاروں کو گرفتار کرلیا، کھاتہ داروں کے لاکرز سے 90 ملین مالیت کا سونا غائب، جعلی زیورات رکھے گئے۔
گجرات میں نیشنل بینک آف پاکستان کے لاکرز سے کھاتہ داروں کا 90 ملین مالیت کا سونا غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے بینک کے 6 اہلکاروں کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ ایک ساتھی مفرور ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے کھاتہ داروں کے اصل زیورات جعلی زیوارات سے بدل دیے تھے۔
درج ایف آئی آر کے مطابق نیشنل بینک ٹانڈہ برانچ سے 55 ملین روپے مالیت کا سونا، سروس انڈسٹریز برانچ سے 20 ملین روپے اور منگووال برانچ سے 15 ملین روپے مالیت کا سونا ردوبدل کیا گیا۔
گرفتار ملزمان میں سروس انڈسٹریز برانچ کے آپریشنل منیجر ابوبکر زاہد، کیشیئر شعیب شریف، منگووال برانچ کے سابق منیجر خالد محمود اور کیشیئر سعادت علی، ٹانڈہ برانچ کے آپریشنل منیجر محتشم عابد اور کیشیئر محمد علی شامل ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ایک اور ملزم محسن سنیارا، ساکن گجرات، واردات میں شریک تھا جو تاحال گرفتار نہیں ہوسکا۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ تمام اہلکار بینک کے والٹ اسٹرونگ روم کی مشترکہ چابی بردار ٹیم کا حصہ تھے، جس کے باعث انہیں زیورات تبدیل کرنے کا موقع ملا۔
ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔