طوفانی بارشوں سے تباہی، 10 جاں بحق 60 زخمی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور، اسلام آباد، پشاور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں اور آندھی سے مکانات منہدم، بجلی کا نظام درہم برہم، 10 افراد جاں بحق۔

لاہور، ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں اور تیز آندھی نے تباہی مچا دی، پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، بجلی کا نظام معطل ہو گیا اور متعدد مکانات منہدم ہونے سے 10 افراد جاں بحق جبکہ 60 زخمی ہو گئے۔

latest urdu news

ڈیرہ اسماعیل خان میں سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں اور طوفانی بارش نے گھروں کی چھتیں گرادیں، بجلی کے کھمبے اور تار اکھڑنے سے شہر تاریکی میں ڈوب گیا جبکہ درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔

مردان میں بارش کے دوران کمرہ منہدم ہونے سے ایک شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے، ہری پور اور گردونواح میں بھی بارش کے باعث ڈیم کے سپیل ویز کھول دیے گئے۔ آزاد کشمیر میں مٹی کے تودے گرنے سے 4 گھر اور ایک مسجد منہدم ہو گئے۔

لاہور میں گلبرگ، جیل روڈ، ٹیمپل روڈ، لکشمی چوک، شاد باغ، مغلپورہ اور دیگر علاقوں میں تیز بارش سے پانی گھروں میں داخل ہو گیا جبکہ حافظ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم اور چنیوٹ سمیت کئی شہروں میں شہری مشکلات کا شکار ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی سیلابی صورتحال پر ہنگامی ہدایات

چشتیاں اور سانگلہ ہل میں آندھی کے باعث کھمبے اور فیڈرز گرنے سے بجلی اور پانی کی فراہمی معطل ہو گئی، اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی، بہارہ کہو اور اٹھال چوک پانی میں ڈوب گئے، کئی گاڑیاں پھنس گئیں جبکہ راول ڈیم کے سپیل ویز کھول دیے گئے۔

دریائے گلگت کے بہاؤ میں اضافے کے خدشے کے تحت دریا کنارے موجود ہوٹلز اور تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں۔ مری میں مسلسل بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کوہالہ روڈ، پتریاٹہ اور کوٹلی ستیاں بائی پاس روڈ بند ہو چکے ہیں جبکہ شاہراہِ ریشم تالاب کا منظر پیش کر رہی ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی مون سون کی شدید بارشوں سے ملک کے مختلف حصوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی تھی جس میں درجنوں دیہات متاثر اور متعدد املاک تباہ ہو گئی تھیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter