بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے ضلع چمولی میں جمعہ کی رات پیش آنے والے کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں شدید تباہی مچ گئی، جس کے باعث ایک شخص ہلاک جبکہ متعدد افراد لاپتا ہو گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کلاؤڈ برسٹ کے بعد علاقے میں آنے والے کیچڑ کے سیلاب نے متعدد رہائشی مکانات، گاڑیوں اور دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، یہاں تک کہ عدالتی مجسٹریٹس کے گھر بھی اس تباہی کی زد میں آ گئے۔ تھرالی مارکیٹ اور تھرالی تحصیل کمپلیکس مکمل طور پر کیچڑ سے بھر چکے ہیں۔
حکام کے مطابق ساگوارا کے علاقے میں ایک لڑکی کیچڑ تلے دب کر ہلاک ہو گئی، جسے ریسکیو نہیں کیا جا سکا۔ متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ ریسکیو آپریشن تیزی سے جاری ہے۔
شدید بارشوں اور کیچڑ نے سڑکوں کو بھی بری طرح نقصان پہنچایا ہے، جس سے امدادی کارروائیوں میں رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں۔ مقامی انتظامیہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ نقصان کی حقیقی شدت آئندہ چند روز میں واضح ہو گی، کیونکہ کئی مکانات مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔
ریاست میں ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور متاثرہ علاقوں میں مشینری اور ریسکیو ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔