امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کی قرعہ اندازی 5 دسمبر کو واشنگٹن کے کینیڈی سینٹر میں ہوگی، ایونٹ میں 48 ٹیمیں اور 104 میچز شامل ہوں گے۔
واشنگٹن، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کی قرعہ اندازی رواں برس 5 دسمبر کو واشنگٹن میں ہوگی۔
وائٹ ہاؤس میں فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو سے ملاقات کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ٹورنامنٹ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا اور یہ ممکنہ طور پر کھیلوں کی تاریخ کا سب سے بڑا ایونٹ ہوگا۔
صدر ٹرمپ نے مزید بتایا کہ ورلڈ کپ ڈراز کی تقریب واشنگٹن کے کینیڈی سینٹر میں ہوگی، جس میں دنیا بھر سے ٹیمیں، آفیشلز اور فیفا نمائندے شریک ہوں گے۔ ان کے مطابق یہ ایونٹ نہ صرف فٹبال کے شائقین کے لیے ایک تاریخی موقع ہوگا بلکہ میزبان ممالک کے لیے بھی کھیلوں اور سیاحت کے شعبوں میں نئے دروازے کھولے گا۔
فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے ملاقات کے دوران بتایا کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 میں پہلی مرتبہ 48 ٹیمیں شریک ہوں گی، جبکہ مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈراز کے دوران 48 ٹیموں کو 12 گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا اور ہر گروپ میں 4 ٹیمیں شامل ہوں گی۔
انفانٹینو کے مطابق ورلڈ کپ کی یہ توسیع کھیل کو عالمی سطح پر مزید وسعت دینے اور زیادہ ممالک کو موقع فراہم کرنے کے لیے کی گئی ہے تاکہ زیادہ شائقین اپنی ٹیموں کو بڑے ایونٹ میں دیکھ سکیں۔
واضح رہے کہ 2026 کا فیفا ورلڈ کپ تاریخ کا پہلا ایسا ورلڈ کپ ہوگا جو تین ممالک میں بیک وقت کھیلا جائے گا، جس میں امریکا میں سب سے زیادہ میچز ہوں گے جبکہ کینیڈا اور میکسیکو بھی کئی مقابلوں کی میزبانی کریں گے۔