پاکستان کے تفتیشی اداروں نے بھارت کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی ’را‘ کا ایک بڑا نیٹ ورک گرفتار کرلیا ہے۔
ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی سندھ اور ڈی آئی جی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 18 مئی 2025 کو بدین کے ماتلی میں ایک شہری کا قتل ہوا تھا، جو علاقے میں فلاحی کاموں کے حوالے سے مشہور تھا۔
اے آئی جی آزاد خان نے بتایا کہ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں تین ملزمان کو دیکھا گیا جبکہ عینی شاہدین نے بھی انہیں پہچانا۔ قتل کے الزام میں دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا پستول اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔
دوران تفتیش یہ انکشاف بھی ہوا کہ قتل کی منصوبہ بندی بھارتی ایجنٹ سنجے سنجیو کمار عرف فوجی نے کی، جو خلیجی ملک میں مقیم ہے۔ اس نے شیخوپورہ کے رہائشی سلمان کو قتل کے لیے ہائر کیا تھا۔
ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی آزاد خان کا کہنا تھا کہ ’را‘ نے اس واردات کے لیے خطیر رقم خرچ کی اور سنجے نے بیرون ملک سے اس حملے کو کنٹرول کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی میڈیا نے اس قتل پر جشن منانے کی کوشش کی تھی۔
پاکستانی اداروں کی کارروائی کے بعد ’را‘ کے اس نیٹ ورک کو سخت نقصان پہنچا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔