نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ڈھاکا پہنچ گئے، جہاں وہ بنگلا دیشی قیادت سے دو طرفہ تعلقات، علاقائی تعاون اور عالمی امور پر بات چیت کریں گے۔ یہ دورہ 13 سال بعد کسی پاکستانی وزیر خارجہ کا بنگلا دیش کا اہم دورہ ہے۔
اسلام آباد،نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار بنگلا دیش کے سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ دورہ بنگلا دیش حکومت کی دعوت پر کیا جا رہا ہے اور اس دوران دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان اہم ملاقاتیں ہوں گی۔
ترجمان نے بتایا کہ اسحاق ڈار ڈھاکا میں بنگلا دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے ملاقات کریں گے جبکہ ایڈوائزر برائے وزارت خارجہ توحید حسین سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں شیڈول ہیں۔ ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے، اقتصادی و تجارتی تعاون بڑھانے، خطے کی صورتحال اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یہ دورہ اس لحاظ سے تاریخی اہمیت کا حامل ہے کہ تقریباً 13 سال کے وقفے کے بعد کسی پاکستانی وزیر خارجہ نے بنگلا دیش کا دورہ کیا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اقدام نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کی علامت ہے بلکہ خطے میں امن و استحکام اور باہمی تعاون کے نئے مواقع بھی پیدا کر سکتا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان بنگلا دیش کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے اور اس دورے کے نتیجے میں تجارت، تعلیم، ثقافت اور عوامی سطح پر رابطوں کو بڑھانے کے حوالے سے پیش رفت متوقع ہے۔