جہلم اور دینہ پولیس نے فحاشی کے اڈوں پر چھاپے مار کر 8 افراد گرفتار کرلیے، جن میں خواتین بھی شامل، ڈی پی او نے سخت کارروائی جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
جہلم،پولیس نے فحاشی کے مکروہ دھندے کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 8 افراد کو گرفتار کرلیا جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔ ترجمان پولیس کے مطابق یہ کارروائیاں ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی خصوصی ہدایت پر عمل میں لائی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ کالا گجراں پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر فحاشی کے اڈے کو بے نقاب کیا اور موقع سے 4 خواتین سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے خلاف قبحہ خانہ چلانے اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔
اسی طرح تھانہ دینہ پولیس نے بھی الگ کارروائی کی جس میں 2 خواتین سمیت 3 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ گرفتاریاں علاقے میں بڑھتی ہوئی شکایات اور عوامی دباؤ کے نتیجے میں عمل میں آئیں تاکہ معاشرے کو اس مکروہ دھندے سے پاک کیا جا سکے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جسم فروشی ایک گھناؤنا جرم ہے جو نوجوان نسل کو تباہی اور اخلاقی پستی کی طرف لے جاتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے جرائم میں ملوث عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور اس دھندے کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔