6
گجرات میں عزیز بھٹی شہید ہسپتال کے اندر سے نامعلوم چور منڈی بہاؤالدین کے رہائشی کی موٹر سائیکل چرا کر فرار، مقدمہ درج۔
گجرات، عزیز بھٹی شہید ہسپتال کے احاطے سے منڈی بہاؤالدین کے رہائشی کی موٹر سائیکل نامعلوم افراد چرا کر لے گئے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب شہری اپنی موٹر سائیکل اسپتال کے اندر پارک کرکے علاج معالجے کے سلسلے میں گیا، تاہم واپسی پر اس نے دیکھا کہ اس کی موٹر سائیکل غائب ہے۔
اطلاع ملنے پر تھانہ سول لائن پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور متاثرہ شہری کی درخواست پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس کے مطابق اسپتال کے اندر اور باہر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ ملزمان کی شناخت ممکن ہوسکے۔ واقعے کے بعد مریضوں اور لواحقین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ اسپتال میں پہلے بھی موٹر سائیکل چوری کے چند واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔