سندھ حکومت نے صنعتی خواتین ورکرز کے لیے 10 ہزار مفت الیکٹرک موٹرسائیکلیں فراہم کرنے کے منصوبے کا آغاز کر دیا ہے۔
اس اسکیم کے تحت خواتین کو سفری سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اُن کی خودمختاری کو فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔
وزیر محنت سندھ شاہد تھہیم کے مطابق، خواتین کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے اور خواہشمند صنعتی خواتین ورکرز ورکرز ویلفیئر بورڈ کی ویب سائٹ www.wwbsindh.gov.pk
پر آن لائن درخواست جمع کرا سکتی ہیں۔ درخواست دینے والی خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے 60 دن کی مہلت بھی دی جائے گی۔
اہلیت کا معیار
درخواست دہندہ خاتون صنعتی ورکر ہونی چاہیے۔
عمر کی حد زیادہ سے زیادہ 45 سال۔
درخواست دہندہ کا سندھ میں رجسٹرڈ صنعتی ادارے سے تعلق ہونا ضروری ہے۔
20 فیصد کوٹہ اقلیتوں کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
قرعہ اندازی کا طریقہ:
وزیر محنت کے مطابق قرعہ اندازی ڈیجیٹل نظام کے تحت کی جائے گی تاکہ مکمل شفافیت اور میرٹ یقینی بنایا جا سکے۔
دیگر مراعات
ہیلتھ انشورنس اسکیم کا بھی آغاز کیا گیا۔
لیبر کالونیوں اور تعلیمی اداروں کی بحالی کی منظوری دی گئی۔
صنعتی ورکرز میں سلائی مشینوں کی تقسیم کی اسکیم بھی منظور کی گئی۔
شاہد تھہیم کا کہنا تھا کہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ملک کی ترقی ممکن نہیں۔ اس منصوبے کا مقصد خواتین کے لیے باوقار روزگار کے راستے آسان بنانا ہے۔