اسلام آباد، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کسی اور کو نہیں بلکہ خود کو بیوقوف بنا رہی ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بانی پاکستان تحریک انصاف پر کرپشن کے سب سے بڑے کیس کا ذکر کیا اور بتایا کہ بانی پی ٹی آئی پر 190 ملین پاؤنڈ کے کرپشن کیس میں 14 سال کی سزا سنائی گئی، جو شفاف ٹرائل کے بعد ہوئی۔
عطا اللہ تارڑ نے سوال اٹھایا کہ بانی پی ٹی آئی نے ملک ریاض کو پیسے کس طرح دیے اور اس حوالے سے پارٹی کی جانب سے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں ایک لفافہ لہرایا گیا اور منظوری لی گئی، جبکہ جن وزرا نے اس بارے میں سوالات کیے، انہیں نظرانداز کیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ جب دامن صاف تھا تو پھر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے القادر ٹرسٹ کا سہارا کیوں لیا؟ ایک کیس میں ضمانت ملنے پر تحریک انصاف جشن منا رہی ہے، جبکہ ان رہنماؤں کو بھی سزا ہوئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قوم جانتی ہے کہ 9 مئی کے واقعات منصوبہ بندی کے تحت ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے جن لوگوں کو ضمانت ملی ان کو بھی سزا ہوئی ہے، لہٰذا پارٹی خود کو بیوقوف بنا رہی ہے اور اسے سمجھنا چاہیے کہ اس جشن کا کوئی جواز نہیں۔