کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر آتشبازی کے سامان کے گودام میں شدید دھماکہ، 20 سے زائد افراد زخمی، زخمیوں کو سول اور جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ایم اے جناح روڈ، صدر کے سیون ڈے سی بریز پلازہ کے قریب واقع آتشبازی کے سامان کے گودام میں شدید آتشزدگی کے نتیجے میں 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے، چیف فائر آفیسر ہمایوں خان کے مطابق فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں اور ایک باؤزر آگ بجھانے میں مصروف ہیں، جبکہ کے ایم سی کے پانچ فائر ٹینڈرز اور ایک اسنارکل بھی موقع پر روانہ کر دیے گئے ہیں۔
ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی نے بتایا کہ زخمیوں میں بیشتر افراد کو شیشے لگے ہیں، اور انہیں ریسکیو ایمبولینس کے ذریعے سول اور جناح ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے کہا کہ آتش گیرمادے کا دھماکہ بہت زوردار تھا اور دو سے تین کمروں میں بارود بھرا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا سب سے بڑا ہدف یہ ہے کہ کمروں میں رکھا گیا آتشگیرمادہ نہ پھٹے اور آگ پر جلد قابو پایا جائے۔
انتظامیہ کے مطابق 10 سے زائد گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں اور دھوئیں کی وجہ سے ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ جناح ہسپتال میں ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے کہا کہ گودام کا لائسنس چیک کیا جا رہا ہے اور اگر لائسنس موجود نہیں تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔ وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ڈی آئی جی سے تفصیلات طلب کی ہیں اور زخمیوں کی قریبی ہسپتال منتقلی اور علاج معالجے کے تمام اقدامات کی ہدایت دی ہے۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ واقعہ کی تفتیش کی رپورٹ جلد ارسال کی جائے اور زخمیوں کے بیانات سمیت جائے وقوعہ پر موجود شواہد کو تحقیقات میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے فوری طور پر چیک کرنے کی ہدایت کی کہ آیا گودام کے پاس قانونی لائسنس موجود ہے یا نہیں۔