کٹسینا : شمال مغربی نائیجیریا کے ضلع مالوم فاشی میں مسلح ڈاکوؤں نے مسجد اور قریبی دیہات پر حملہ کرکے کم از کم 50 افراد کو ہلاک کردیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق واقعہ منگل 19 اگست کو اُنگوار مانتاؤ میں فجر کی نماز کے دوران پیش آیا، جہاں حملہ آوروں نے مسجد میں گھس کر نمازیوں پر فائرنگ کردی۔ مقامی حکام کے مطابق صرف مسجد میں 30 افراد مارے گئے جبکہ قریبی دیہات میں مزید 20 افراد کو زندہ جلایا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں نے گھروں کو آگ لگا دی اور متعدد دیہاتیوں کو اغوا بھی کر لیا۔ یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا جب مقامی محافظوں نے چند روز قبل ڈاکوؤں کے ایک گروہ کے خلاف کارروائی کی تھی۔ محافظ پہرہ دینے کے بعد نماز کے لیے مسجد میں جمع ہوئے تھے کہ اچانک حملہ کردیا گیا۔
نائیجیریا میں مسلح ڈاکوؤں کی کارروائیاں کئی برس سے جاری ہیں، جو ابتدا میں کسانوں اور چرواہوں کے تنازعات سے جڑی تھیں لیکن اب یہ منظم جرائم کی شکل اختیار کر چکی ہیں، جن میں اغوا برائے تاوان، لوٹ مار اور مویشی چوری شامل ہیں۔
ریاستی اسمبلی کے رکن امینو ابراہیم کے مطابق صورتحال اب ناقابلِ برداشت ہو چکی ہے اور خوف کے باعث لوگ اپنے گاؤں چھوڑنے پر مجبور ہیں۔