اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے دارالحکومت میں پاکستان کے پہلے ون ونڈو بزنس سہولت مرکز کا افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں سرمایہ کاروں کو مختلف محکموں کے چکر لگانا پڑتے تھے لیکن اب ایک ہی چھت تلے تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ بزنس سہولت مرکز میں کسٹمر سے بات چیت کا انداز اور ایچ آر کا نظام قابل تعریف ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نوجوان اس مرکز کو کامیاب بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔
شہباز شریف نے اعتراف کیا کہ بزنس سہولت مرکز کے قیام میں تاخیر ہوئی تاہم ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی مشکلات ہی بڑی کامیابیوں کی بنیاد بنتی ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو بزنس سہولت مراکز کو دنیا کے لیے ایک **رول ماڈل** بنانا ہے۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ ایسے مراکز کا دائرہ کار ملک کے تمام حصوں تک بڑھایا جائے گا تاکہ سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ آسانیاں فراہم کی جا سکیں۔