سینیٹر اور سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے موجودہ ملکی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل نے نہ صرف جنگ جیتی بلکہ عوام کے دل بھی جیت لیے ہیں، وہ پاکستان کے لیے عالمی سطح پر کامیابیاں سمیٹ رہے ہیں۔
پروگرام "دی رپورٹرز” میں اظہار خیال کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ قوم آج فیلڈ مارشل کے پیچھے کھڑی ہے، اور ان کے ہر فیصلے کو عوامی تائید حاصل ہے۔ ان کے مطابق فیلڈ مارشل کے صرف ایک غیر ملکی دورے سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری آتی ہے، جو ان کی سفارتی و عسکری قابلیت کا ثبوت ہے۔
انہوں نے سیاسی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم بچپن سے ایک ہی جمہوری چہرے دیکھتے آ رہے ہیں، ملک میں کوئی بڑی سیاسی تبدیلی نہیں آئی۔ موسمیاتی تبدیلی جیسے سنجیدہ مسائل پر اسمبلی میں بارہا بات کی گئی، لیکن اب بھی کوئی سنجیدہ اقدام دیکھنے کو نہیں ملتا۔ کوئی ٹک ٹاک میں مصروف ہے، تو کوئی صرف گالیاں دینے میں۔
فیصل واوڈا نے ملک میں کرپشن اور نااہلی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں درخت کاٹے گئے، سندھ میں ہزاروں ٹن گندم خراب ہوئی، اور چینی بحران آج بھی موجود ہے۔ 75 سال میں گندم اور چینی جیسے بنیادی مسائل حل نہ ہو سکے۔
فوج کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر مشکل وقت میں فوج نے عوام کے ساتھ کھڑے ہو کر مدد فراہم کی، چاہے وہ سیلاب ہو یا کوئی اور آفت۔
سینیٹر واوڈا نے پی ٹی آئی کی قیادت کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ سینیٹ میں پارٹی کے پاس 10 نشستیں تھیں، لیکن قیادت کی نااہلی کے باعث صرف 4 نشستیں رہ گئیں۔ مراد سعید کو دی گئی نشست بھی ضائع ہوگئی کیونکہ وہ اسمبلی میں پیش نہ ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی ایک جماعت یا فرد کی جاگیر نہیں، جو اچھا کام کرے گا، ہم اس کی تعریف کریں گے۔ فیلڈ مارشل کی قیادت ہمیں پاکستان میں روشنی کی صورت میں نظر آتی ہے، اور ان کے اقدامات ملک کے استحکام کی ضمانت ہیں۔
فیصل واوڈا نے امید ظاہر کی کہ 2026 پاکستان کے لیے ترقی، تسلسل اور استحکام کا سال ہوگا، بشرطیکہ اداروں کو کام کرنے دیا جائے اور سیاسی مداخلت سے دور رکھا جائے۔