کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے جہلم میں ممکنہ فلیش فلڈ کے خدشے پر متعلقہ محکموں کو ہر وقت متحرک رہنے کی ہدایت جاری کر دی، عوامی آگاہی مہم تیز کرنے کی بھی ہدایت۔
جہلم: کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے ضلع جہلم میں حالیہ موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر فلیش فلڈ کے ممکنہ خدشے کو دیکھتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
ڈپٹی کمشنر آفس جہلم میں محکموں کے سربراہان کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے اور ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالنے کے بجائے موقع پر موجود رہ کر اقدامات کیے جائیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریوینیو سنیہ صافی سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ضلع میں ممکنہ سیلابی صورتحال اور اب تک کیے گئے حفاظتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی جس پر کمشنر نے اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس میں مشینری کی دستیابی، کنٹرول روم کے قیام، ریلیف کیمپوں کے انتظامات، اور عوامی آگاہی مہم کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ کمشنر نے ہدایت دی کہ سیلابی نالوں کے قریب واقع دیہاتوں کو بروقت خالی کرایا جائے اور بے گھر ہونے والے افراد کے لیے بہتر انتظامات کیے جائیں۔
جہلم: ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ، متعدد علاقے زیرِ آب
محکمہ سمال ڈیم کے نمائندوں نے اجلاس میں جہلم کے 11 چھوٹے ڈیمز کی موجودہ صورتحال اور حفاظتی اقدامات پر بریفنگ دی جبکہ ایکسپریس ہائی وے کے نمائندوں نے ڈول کیرج روڈ پر سیلابی پانی سے ہونے والے نقصانات اور مرمتی کاموں کے بارے میں آگاہ کیا۔
کمشنر نے واضح کیا کہ ڈول کیرج روڈ انتہائی اہم منصوبہ ہے، شہریوں کی آمد و رفت میں حائل رکاوٹیں فوری ختم کی جائیں اور حکومت پنجاب فنڈز کے اجرا میں کسی قسم کی تاخیر نہیں کرے گی۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے ضلع جہلم کے انتظامی امور پر بھی بریفنگ دی جس پر کمشنر نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔