کراچی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ موسمی تبدیلی کے اثرات پوری دنیا پر مرتب ہو رہے ہیں، گزشتہ روز کراچی میں صرف 12 گھنٹوں میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔
نرسری پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور گلگت میں حالیہ بارشوں کے باعث 400 افراد جاں بحق ہوئے، سندھ حکومت بھی بارش کے بعد پیدا شدہ صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے کام کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ “بارش ہوگی تو پانی جمع ہوگا، بارش رُکے گی تو پانی نکال دیں گے، ہماری کوتاہیاں ضرور ہوں گی لیکن حکومت کام کر رہی ہے۔”
وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق انتظامیہ، بلدیاتی اداروں کا عملہ اور وہ خود سڑکوں پر موجود ہیں اور عوام کی مدد کر رہے ہیں۔
انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ تعطیل کے دن گھروں میں رہیں تاکہ مشکلات میں اضافہ نہ ہو۔
کراچی کی سڑکوں پر درجنوں لاوارث گاڑیاں، بارش کے بعد شہر کا نظام درہم برہم
خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں موسلادھار بارش کے باعث اربن فلڈنگ کی صورتِ حال پیدا ہوگئی، نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے اور مختلف حادثات میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔