عنقریب پنجاب کا انفرااسٹرکچر جاپان کے معیار کا ہوگا: وزیراعلیٰ مریم نواز

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے میں انفرااسٹرکچر اور سہولیات کو جاپان کے معیار تک لانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ٹوکیو میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ترقی، صفائی، ٹرانسپورٹ اور صحت کے شعبوں میں نمایاں تبدیلیاں جلد سب کے سامنے ہوں گی۔

latest urdu news

انہوں نے کہا کہ "پاکستان سے اچھی خبریں آنا شروع ہو چکی ہیں اور مزید اچھی خبریں سننے کو ملیں گی۔” مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ مہنگائی کی شرح جو چند ماہ قبل 38 فیصد تھی، ن لیگ کی حکومت آنے کے بعد 3 فیصد پر آ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معیشت کی بہتری میں اوورسیز پاکستانیوں کا کردار قابلِ تحسین ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ صوبے کے اسپتالوں میں دواؤں کی فراہمی بحال ہو چکی ہے اور ملک بھر سے مریض علاج کے لیے پنجاب کا رخ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ستھرا پنجاب‘‘ کے نام سے دنیا کا سب سے بڑا صفائی منصوبہ شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت ڈیڑھ لاکھ افراد کو روزگار فراہم کیا گیا تاکہ شہروں کو صاف اور ماحول دوست بنایا جا سکے۔

مریم نواز نے اعلان کیا کہ پنجاب میں جاپان کی صفائی اور ماحول دوست ٹیکنالوجی متعارف کروائی جائے گی، جبکہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے زیرِ اہتمام ساؤتھ ایشیا کا سب سے بڑا ’’نواز شریف کینسر اسپتال‘‘ تعمیر کیا جا رہا ہے۔

مریم نواز کا دورہ جاپان، 16 کروڑ کے اخراجات کی تفصیلات سامنے آگئیں

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ پانچ سال میں غریبوں کے لیے پانچ لاکھ گھروں کی تعمیر کی جائے گی، جن میں سے ایک لاکھ گھر دسمبر تک مکمل ہو جائیں گے۔

ٹرانسپورٹ کے شعبے سے متعلق مریم نواز کا کہنا تھا کہ دسمبر 2025 تک پنجاب کی سڑکوں پر 1100 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی، جن کا کرایہ صرف 20 روپے ہوگا۔ اسی کے ساتھ 50 ہزار اسکالرشپس اور ایک لاکھ لیپ ٹاپ مستحق طلبہ کو دیے جائیں گے۔

ان کا خطاب جاپان میں مقیم پاکستانیوں کے لیے امید کا پیغام ثابت ہوا کہ پنجاب ایک ترقی یافتہ، صاف اور جدید صوبے کی شکل اختیار کرے گا، جہاں بنیادی سہولیات ہر شہری کی پہنچ میں ہوں گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter