وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا اور پاسپورٹ دفاتر میں عوام کو درپیش مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے فوری اصلاحاتی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
انہوں نے نادرا سینٹر کوٹ عبدالمالک اور پاسپورٹ آفس شاہدرہ کا اچانک دورہ کیا، جہاں شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات کے حصول میں شہریوں کو درپیش مسائل کا خود جائزہ لیا۔
دورے کے دوران نادرا سینٹر بند پایا گیا جبکہ وہاں صرف دو موبائل وین کام کر رہی تھیں۔ شہریوں نے شکایت کی کہ انٹرنیٹ سسٹم بار بار بند ہو جاتا ہے اور ہیلپ لائن سے بھی مناسب رہنمائی نہیں ملتی، جس کی وجہ سے انہیں بار بار دفاتر کے چکر لگانے پڑتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے ان شکایات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری بہتری کی ہدایت دی۔
محسن نقوی نے انٹرنیٹ سروس کو فوری بحال کرنے اور بند سینٹر کو جلد از جلد فعال بنانے کا حکم دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی سینٹر پر سہولت موجود ہے تو شہریوں کو دوسرے دفاتر بھیجنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔
نادرا کا انقلابی قدم: پیدائش اور وفات کا آن لائن اندراج، اب گھر بیٹھے ممکن
شاہدرہ پاسپورٹ آفس کے دورے میں وزیر داخلہ نے کاغذی فائلوں اور پرانے نظام پر سخت ناپسندیدگی ظاہر کرتے ہوئے تمام ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ کی بروقت ترسیل ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
وزیر داخلہ نے اس موقع پر یہ بھی اعلان کیا کہ بیرونِ ملک مقیم والدین کے بچوں کے پاسپورٹ کے لیے نئی پالیسی مرتب کی جا رہی ہے تاکہ انہیں درپیش مشکلات کا جلد اور مؤثر حل نکالا جا سکے۔