پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اور سینئر اداکارہ مرینہ خان ان دنوں سوشل میڈیا پر ایک متنازع بیان کے باعث تنقید کی زد میں ہیں۔
ایک شو کے دوران انہوں نے اداکارہ حمیرا اصغر کا ذکر سن کر لاعلمی کا اظہار کیا، جو صارفین کو ناگوار گزرا اور سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب مرینہ خان اور عتیقہ اوڈھو نجی چینل کے پروگرام "کیا ڈرامہ ہے” میں ڈرامہ سیریل "میں منٹو نہیں ہوں” پر تبصرہ کر رہی تھیں۔ گفتگو کے دوران جب گمشدہ کردار کے حوالے سے بات ہو رہی تھی، تو عتیقہ اوڈھو نے پوچھا کہ کیا یہ ٹریک کسی حقیقی واقعے سے متاثر لگتا ہے۔ میزبان نے فوراً اس کا موازنہ حمیرا اصغر کے مشہور کیس سے کیا — جنہیں کچھ عرصہ قبل ان کے فلیٹ میں مردہ پایا گیا تھا۔
اسی دوران مرینہ خان نے حیرت سے سوال کیا: "کون حمیرا؟ جس پر عتیقہ اوڈھو بھی چونک گئیں اور وضاحت دی کہ "وہی لڑکی جو فلیٹ میں مردہ پائی گئی تھی۔ یہ لمحہ کیمروں میں قید ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔
مرینہ خان کے اس جملے پر تنقید کا آغاز ہوا۔ کچھ صارفین نے کہا کہ ایک سینئر فنکارہ کو موجودہ حالات اور واقعات سے باخبر ہونا چاہیے۔
ایک صارف نے طنزیہ کہا کہ "کیا واقعی انہیں نہیں پتا؟ یا وہ سب کچھ جان کر بھی لاپروائی برت رہی ہیں؟” جب کہ کچھ لوگوں نے ان کی ذہنی صحت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ "انہیں شاید ڈیمینشیا کی جانچ کروانی چاہیے۔”
دوسری جانب، کچھ صارفین مرینہ خان کے دفاع میں بھی سامنے آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی مشہور واقعے سے لاعلمی کوئی جرم نہیں اور ہمیں فنکاروں سے مکمل معلومات کا تقاضا نہیں کرنا چاہیے، خاص طور پر جب بات کسی افسوسناک سانحے کی ہو۔
یاد رہے کہ حمیرا اصغر کی موت کے واقعے نے گزشتہ برس میڈیا اور عوامی حلقوں میں گہری ہلچل مچا دی تھی۔ اس کیس میں کئی پہلو زیرِ بحث رہے اور اسے ایک پرسرار موت قرار دیا گیا تھا۔
فی الحال مرینہ خان کی جانب سے اس تنازع پر کوئی باقاعدہ ردعمل سامنے نہیں آیا، لیکن سوشل میڈیا پر بحث بدستور جاری ہے۔