پاک فوج دہشت گردی کے نام پر معصوموں کی جان لینے میں دلچسپی نہیں رکھتی: ترجمان پاک فوج

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج کی کوئی دلچسپی نہیں کہ معصوم عوام کو نشانہ بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاک فوج کی تمام کارروائیاں صرف دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف ہوتی ہیں، اور کسی بے گناہ کو نقصان پہنچانا فوج کی پالیسی کا حصہ نہیں۔

latest urdu news

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلباء سے خصوصی ملاقات کی، جس میں نوجوانوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے بلوچستان اور پاکستان کے تعلق پر بھی روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ بلوچستان کے عوام پاکستان سے دور ہو رہے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ بلوچستان کے لوگ پاکستان اور اپنی دھرتی کے تعلق کو بخوبی سمجھتے ہیں اور اس کے لیے قربانیاں بھی دے رہے ہیں۔ انہوں نے شہید میجر محمد انور کاکڑ کی مثال دی، جنہوں نے گوادر حملے کے دوران اپنی جان کا نذرانہ دیا اور کئی دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائیاں اسی وقت ممکن ہیں جب عوام خود دہشت گردوں کی نشاندہی کریں۔ فوج کسی علاقے کو خالی کرا کر اندھا دھند آپریشن کرنے میں یقین نہیں رکھتی، کیونکہ اگر فوج چلی جائے اور عوام کی حمایت نہ ہو تو دہشت گرد دوبارہ آ جاتے ہیں۔ اسی لیے ان کارروائیوں کو انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کہا جاتا ہے، تاکہ صرف اصل مجرموں کو نشانہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص اپنے گھر میں بارودی مواد رکھتا ہے یا دہشت گردوں کو پناہ دیتا ہے، تو اسے اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے، لیکن ایک فرد کی غلطی کی سزا پورے علاقے کو نہیں دی جا سکتی۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ اب خود آگے بڑھ کر دہشت گردوں کے خلاف کھڑے ہو رہے ہیں۔ وہ سہولت کاروں اور منصوبہ سازوں کی نشاندہی کر رہے ہیں، کیونکہ وہ بھی دہشت گردی سے تنگ آ چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچ عوام باشعور، محنتی اور باہمت ہیں، اور اب وہ تعلیم و ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔ انہوں نے کئی کامیاب بلوچ نوجوانوں کی مثالیں بھی دیں، جنہوں نے اعلیٰ تعلیمی اداروں سے تعلیم حاصل کی اور آج اپنی تقدیر خود سنوار رہے ہیں۔ ان میں صمد یار جنگ جیسے سائنسدان اور شاہ زیب رند جیسے کامیاب نوجوان شامل ہیں، جبکہ بلوچستان کی کئی لڑکیاں بھی آج اہم انتظامی عہدوں پر فائز ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان ایک لسانی یا علاقائی بنیاد پر نہیں بلکہ "لا الہ الا اللہ” کے کلمے پر قائم ہوا۔ نبی کریم ﷺ کا ارشاد یاد دلاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی گورے کو کالے، عربی کو عجمی، یا کسی قوم کو کسی اور پر فوقیت حاصل نہیں، اصل برتری تقویٰ میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں صرف بلوچ ہی نہیں، بلکہ بڑی تعداد میں پختون بھی آباد ہیں، اور پاکستان کے دیگر حصوں میں بھی بلوچ کمیونٹیز آباد ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان مختلف قومیتوں کا ایک متحد ملک ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم، صلاحیت اور حب الوطنی کے جذبے سے ملک و قوم کی خدمت کریں۔ انہوں نے کہا کہ فوج، عوام اور ریاستی ادارے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter