پاک بحریہ کی تیسری ہنگور کلاس آبدوز "پی این ایس ایم مانگرو” (PNS-M Mangro) کی لانچنگ کی باوقار تقریب چین کے شہر ووہان میں منعقد ہوئی۔ یہ تقریب ووچانگ شپ بلڈنگ انڈسٹری گروپ کمپنی لمیٹڈ کے شوانگلیو بیس پر منعقد کی گئی، جہاں ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (پراجیکٹ-2) وائس ایڈمرل عبد الصمد مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب میں وائس ایڈمرل عبد الصمد نے موجودہ جیو اسٹریٹیجک حالات میں میری ٹائم سیکیورٹی کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک بحریہ قومی مفادات کے تحفظ اور ایک محفوظ، پُرامن بحری ماحول کے قیام کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے گی۔
وائس ایڈمرل نے ہنگور کلاس آبدوزوں کو جدید ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ایک طاقتور صلاحیت قرار دیا، جو خطے میں طاقت کے توازن اور امن و استحکام کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے آبدوز کی تیاری میں تعاون کرنے والی کمپنی چائنا شپ بلڈنگ اینڈ آف شور انٹرنیشنل کمپنی لمیٹڈ (CSOC) کی پیشہ ورانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے منصوبے کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ حکومتِ پاکستان اور CSOC کے درمیان آٹھ ہنگور کلاس آبدوزوں کی تیاری کا معاہدہ طے پایا ہے۔ اس معاہدے کے تحت چار آبدوزیں چین میں جبکہ باقی چار پاکستان کے کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس (KS&EW) میں ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی (ToT) کے تحت تیار کی جائیں گی۔
تقریب میں پاکستان اور چین کے اعلیٰ حکام، بشمول ووچانگ شپ بلڈنگ انڈسٹری گروپ اور CSOC کے نمائندے بھی شریک تھے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اور اسٹریٹجک شراکت داری کی گہرائی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔