100
گجرات کے علاقے تھانہ لاری اڈہ کی حدود میں مسلح ڈاکوؤں نے شہری کو لوٹنے کے بعد فائرنگ کرکے زخمی کر دیا۔ واقعہ محلہ چاہ ترہنگ، ڈیرہ وڑائچاں کے قریب پیش آیا، جہاں شادیوال کا رہائشی غلام مصطفیٰ ڈاکوؤں کا نشانہ بنا۔
ذرائع کے مطابق، غلام مصطفیٰ اپنے معمول کے کام سے جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح افراد نے اسے گن پوائنٹ پر روک لیا اور اس سے نقدی، قیمتی موبائل فون اور موٹر سائیکل چھین لی۔ غلام مصطفیٰ نے مزاحمت کی کوشش کی، جس پر ڈاکوؤں نے اس کی ٹانگ پر فائرنگ کر دی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔
زخمی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ پولیس تھانہ لاری اڈہ نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔