پاکستان کی صفِ اول کی اداکارہ صبا قمر نے عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم کے لیے گہری ہمدردی اور احترام کا اظہار کیا ہے۔
عاطف اسلم کے والد کے انتقال کے باوجود ان کی یومِ آزادی کی تقریب میں شرکت اور جاندار پرفارمنس نے مداحوں سمیت شوبز حلقوں کو بھی متاثر کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 77 سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد عاطف اسلم کے والد گزشتہ دنوں لاہور میں انتقال کر گئے۔ تدفین کے بعد اگلے ہی روز گلوکار نے کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں یومِ آزادی کی تقریب میں پرفارم کیا، جہاں انہوں نے اپنے مشہور ملی نغمے اور گیت پیش کیے۔ عاطف اسلم کی یہ پرفارمنس اس موقع پر موجود ہزاروں شائقین کے لیے جذباتی لمحات کا باعث بنی۔
صبا قمر نے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اس تقریب کا ویڈیو کلپ شیئر کیا اور لکھا: "میں اس درد کو جانتی ہوں، میں اس کرب سے گزر چکی ہوں، اسی لیے اس لمحے کو سمجھ سکتی ہوں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی شخص کے لیے اپنے شدید غم کو چھپا کر اسٹیج پر کھڑا ہونا اور لبوں پر مسکراہٹ سجانا ایک نہایت مشکل عمل ہے، لیکن عاطف اسلم نے یہ ثابت کیا کہ وہ نہ صرف ایک بڑے فنکار ہیں بلکہ ایک مضبوط انسان بھی ہیں۔
اداکارہ نے اپنے پیغام میں عاطف اسلم کو "قریبی دوست” قرار دیتے ہوئے ان کی استقامت، حوصلے اور پروفیشنلزم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عزم و حوصلہ دراصل ان کی فنکارانہ عظمت اور اپنے شائقین سے محبت کی عکاسی کرتا ہے۔
شوبز حلقوں کا بھی کہنا ہے کہ والد کے انتقال کے فوراً بعد پرفارم کرنے کا فیصلہ عاطف اسلم کی پیشہ ورانہ وابستگی اور اپنے مداحوں سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری کا ثبوت ہے، جو انہیں ایک منفرد مقام عطا کرتا ہے۔
گلوکار عاطف اسلم کے والد محمد اسلم انتقال کر گئے