پنجاب میں معرکہ حق کی یادگار، پارک اور میوزیم قائم کیا جائے گا: وزیراعلیٰ مریم نواز

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ آزادی کے موقع پر ایک اہم اور تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے پنجاب میں "معرکہ حق” کی پہلی یادگار، پارک اور میوزیم قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس منصوبے کی باقاعدہ نقاب کشائی ایکسپو سینٹر میں ہونے والی خصوصی تقریب میں کی گئی، جس میں اہم سیاسی، عسکری اور سفارتی شخصیات شریک ہوئیں۔

latest urdu news

تقریب میں یومِ آزادی اور حالیہ قومی کامیابیوں کے حوالے سے خصوصی ملی نغمے پیش کیے گئے۔ "اے میرے پاک وطن” اور "شالا وسدا رہوے پنجاب، پاکستان” جیسے گیتوں نے حاضرین کو جذبے سے سرشار کر دیا، جبکہ معرکہ حق کے پس منظر میں تیار کی گئی ایک نغماتی فلم اور ڈاکیومنٹری نے وطن کے لیے دی گئی قربانیوں کو اجاگر کیا۔

خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ یہ یومِ آزادی شہدا، غازیوں، ان کی ماؤں، بیواؤں، اور یتیم بچوں کے نام ہے جنہوں نے مادرِ وطن کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے اتحاد، ایمان اور قربانی کی مثال قائم کرتے ہوئے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہماری افواج نے دشمن کے رافیل طیارے گرا کر دنیا کو حیران کر دیا، اور آج پوری قوم متحد ہو کر آزادی کا حقیقی جشن منا رہی ہے۔”

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ یادگارِ معرکہ حق کے قیام کے ساتھ ساتھ غربت، فتنہ، اور انتشار کے خلاف بھی ایک نئی جنگ شروع ہو چکی ہے، اور یہ جنگ بھی جیتی جائے گی۔ انہوں نے کہا: "ہم ملک کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے، اور کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر، ہمیں ملک کو عظیم سے عظیم تر بنانا ہے۔”

تقریب میں دوست ممالک کے سفیروں، عسکری و سول حکام، وزرا اور اعلیٰ افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے تقریب کے اختتام پر شرکا سے ملاقات کی اور وطن کے محافظوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ "پاکستان رہتی دنیا تک سلامت رہے، اور ہم اپنی زندگی میں اس ملک کو بلندیوں پر دیکھیں۔”

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter