وزیر دفاع خواجہ آصف نے تحریک انصاف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ 14 اگست اور دیگر قومی ایام پر پی ٹی آئی کے پرتشدد احتجاج ایک معمول بن چکے ہیں، یہ جماعت ملک کے قومی جذبے کو مجروح کر رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری پیغام میں خواجہ آصف نے الزام لگایا کہ ایک مخصوص شخص قومی دنوں کو بھی سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرتا ہے اور ہر موقع پر پی ٹی آئی کو ترجیح دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے نہ صرف دہشتگردی کی مذمت سے گریز کیا بلکہ پارٹی رہنما اسد قیصر نے خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی مخالفت بھی کی۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران پی ٹی آئی رہنما علیمہ خان حکومت پر مودی سے سازباز کے الزامات لگاتی رہیں، جبکہ رواں برس فوج کے 700 جوان وطن پر قربان ہوئے، مگر پی ٹی آئی کی قیادت نے نہ کوئی تعزیت کی اور نہ شہداء کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا، بلکہ اس کے برعکس مسلسل مخالفانہ بیانات دیے۔
خواجہ آصف نے سوال اٹھایا کہ کیا یہ لوگ واقعی پاکستانی ہیں یا کسی انتہا پسند کلٹ کا حصہ بن چکے ہیں جو ہر نازک موقع پر ملکی سلامتی کو نشانہ بناتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ کوئی شخص یا لیڈر وطن سے بڑا نہیں ہو سکتا، اول اور آخر پاکستان ہے، اور پاکستان ہمیشہ زندہ باد رہے گا۔