سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں سابق فوجی افسر میجر نوید نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اپنے قریبی تعلقات اور روحانی تجربات کا ذکر کرتے ہوئے انہیں "ولی اللہ” قرار دیا ہے۔
میجر نوید کے مطابق، عاصم منیر ان کے کورس میٹ رہے ہیں اور آج بھی عاجزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں "سر نوید” کہہ کر بلاتے ہیں، حالانکہ وہ اس وقت ملک کی اعلیٰ ترین عسکری ذمہ داری پر فائز ہیں۔
میجر نوید نے بتایا کہ ایک دن میس سے واپسی پر عاصم منیر نے ان سے کہا کہ وہ ایک تحفہ دینا چاہتے ہیں، اور پھر نصیحت کی: "یہ وردی ہمارا رزق بھی ہے اور کفن بھی، اسے آئندہ وضو کر کے پہننا۔” انہوں نے مزید کہا کہ اس دن کے بعد سے وہ ہمیشہ وردی وضو کے ساتھ پہنتے ہیں اور یہ نصیحت ان کی زندگی کا حصہ بن چکی ہے۔
انہوں نے عاصم منیر کی عبادت و ریاضت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ قرآن مجید کے حافظ ہیں، روزانہ منزل کی تلاوت کرتے، اور ان کی نماز میں سجدے اتنے طویل ہوتے کہ کبھی شک ہوتا وہ سو گئے ہیں یا جاگ رہے ہیں۔ جب ان سے نیند کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا، "یہ میرے اور اللہ کے درمیان کا معاملہ ہے، اس پر کوئی بات نہیں کرتا۔”
پاک فوج ہر خطرے کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر
میجر نوید نے کہا کہ وہ عاصم منیر کے والدین کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ایسا نیک اور باکردار بیٹا تربیت دیا۔ ان کے مطابق، عاصم منیر کی عاجزی، دیانت، اور روحانیت صرف فوجی افسر ہونے تک محدود نہیں، بلکہ وہ ایک حقیقی درویش صفت انسان ہیں، جن کی صحبت دوسروں کے ایمان کو بھی مضبوط کرتی ہے۔