سینئر صحافی اور تجزیہ نگار انصار عباسی نے حکومت کی جانب سے دیا جانے والا "معرکہ حق ایوارڈ” لینے سے انکار کر دیا ہے۔ انصار عباسی نے اس فیصلے سے سیکرٹری کابینہ کو باضابطہ طور پر آگاہ بھی کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق انصار عباسی کا مؤقف ہے کہ انہوں نے کوئی غیر معمولی کام نہیں کیا، بلکہ جو کچھ بھی کیا وہ ان کا پیشہ ورانہ اور اخلاقی فرض تھا۔ انہوں نے کہا کہ "میرے نزدیک اس ایوارڈ کی اصل حقدار پوری قوم ہے، کیونکہ ہر فرد نے اپنے طور پر ملک کے حق میں آواز بلند کی۔”
انصار عباسی کا یہ مؤقف سوشل میڈیا پر سراہا جا رہا ہے، جہاں کئی صارفین نے ان کے انکساری بھرے رویے کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ ان کے بقول، سچ کے لیے کھڑا ہونا صحافت کا بنیادی اصول ہے اور وہ اسی اصول پر کاربند رہے۔
واضح رہے کہ "معرکہ حق ایوارڈ” حالیہ قومی و بین الاقوامی تناظر میں اُن شخصیات کو دیا جا رہا ہے جنہوں نے پاکستان کے مؤقف کی ترجمانی میں نمایاں کردار ادا کیا، تاہم انصار عباسی نے اسے ذاتی اعزاز کے بجائے قومی فریضہ قرار دیتے ہوئے لینے سے معذرت کرلی۔