91
موجود ہ دور میں بچوں اور نوجوان لڑکے لڑکیوں میں ویڈیو گیمز کا رجحان بڑھ رہا ہے، بچے ویڈیو گیمز میں اس قدر دلچسپی لے رہے ہیں کہ باقی دنیاوی کاموں کی پرواہ کیے بغیر پورا پورا دن ویڈیو گیمز کھیلتے رہتے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش میں ویڈیو گیم کھیلنے پر ایک 16 سالہ لڑکے نے اپنی والدہ کی ڈانٹ سے دل برداشتہ ہوکر خودکشی کرلی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ آنند کشور نامی لڑکا دسویں جماعت کا طالب علم تھا جو بہت زیادہ ویڈیو گیمز کھیلتا تھا اور اسی وجہ سے اس کی پڑھائی کا کافی حرج ہورہا تھا۔
پولیس کے مطابق ویڈیو گیمز کھیلنے کے باعث اس کی والدہ نے اسے کافی زیادہ ڈانٹا اور گیم چھوڑ کر کوچنگ کلاسز لینے کے لیے کہا جس پر وہ دلبرداشتہ ہوگیا۔
آنند کے اہلخانہ کے ایک فرد نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس نے والدہ کو ڈرانے کے لیے گلے میں پھندا لگایا تھا جو غلطی سے اس کے گلے میں تنگ ہوگیا جس سے آنند اپنی جان گنوا بیٹھا۔