مرکزی صدر پی ٹی آئی چودھری پرویز الٰہی کا قوم سے اتحاد کی اپیل، شہداء کو خراج تحسین اور نوجوانوں کو پاکستان کا مستقبل قرار دیا۔
لاہور، پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الٰہی نے پوری قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے لیکن ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں کلمے کی برکت سے یہ وطن عطا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان "لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ” کے نظام کے تحت قائم ہوا، اس لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے اختلافات بھلا کر قوم، ملک اور دین کی خاطر ایک پرچم تلے متحد ہوں۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ آج کے دن ہمیں ان شہداء کی قربانی یاد رکھنی چاہیے جنہوں نے قیام پاکستان کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستان کے مسلمانوں سے پوچھا جائے تو وہ بتائیں گے کہ آزادی کتنی بڑی نعمت ہے، اس نعمت پر ہمیں جتنا شکر ادا کریں کم ہے اور یہی 14 اگست کا اصل پیغام ہے۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہمیں اللہ تعالیٰ سے دعا کرنی چاہیے کہ ہم ہر محاذ پر چاہے وہ معیشت کا ہو، جنگ کا ہو یا کرپشن کے خلاف، متحد ہو کر کامیابی حاصل کریں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔ پرویز الٰہی نے نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ باشعور اور سمجھدار ہیں اور یہی نوجوان پاکستان کو آگے لے کر جائیں گے۔
یاد رہے کہ چودھری پرویز الٰہی مختلف قومی مواقع پر اتحاد، یکجہتی اور شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھنے پر زور دیتے ہیں اور نوجوانوں کو ملک کا اصل سرمایہ قرار دیتے ہیں۔