وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حالیہ معرکہ حق کی فتح نے اس سال کے جشنِ آزادی کو مزید پرمسرت اور معنی خیز بنا دیا ہے۔
لاہور — یومِ آزادی کے موقع پر وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 14 اگست کا دن ہمیں اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ عظیم نعمت کی یاد دلاتا ہے، جو شہداء کی قربانیوں اور لاکھوں مسلمانوں کی ہجرت کے بعد حاصل ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن شکر گزاری کا ہے اور ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد وجود میں آیا، اس لیے اسے ایمان، اتحاد اور قربانی کے جذبے سے سنوارنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
عظمیٰ بخاری نے حالیہ معرکہ حق میں کامیابی کو قوم کے لیے باعث فخر قرار دیا اور کہا کہ ملکی دفاع میں حاصل کی گئی یہ فتح اس سال کے جشنِ آزادی کو مزید خوشیوں اور معنی سے بھر رہی ہے۔
ملک بھر میں 78واں یوم آزادی جوش و ولولے کے ساتھ منایا جا رہا ہے
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جشنِ آزادی جوش و خروش سے منائیں لیکن ذمہ داری کے ساتھ، اور زمین پر گری ہوئی جھنڈیاں اٹھائیں کیونکہ ہمارا پرچم ہماری پہچان ہے اور اس کا احترام ہم سب پر لازم ہے۔
یاد رہے کہ 14 اگست 1947 کو پاکستان نے آزادی حاصل کی اور ہر سال یہ دن قربانیوں، اتحاد اور حب الوطنی کے عزم کی تجدید کے طور پر منایا جاتا ہے۔