چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو آذربائیجان کی حکومت کی جانب سے دفاعی شعبے میں غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں ملک کا اعلیٰ ترین عسکری اعزاز "پیٹریاٹک وار میڈل” سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز آذربائیجان کے صدر الہام علییف کی جانب سے پیش کیا گیا، جو جی ایچ کیو میں ہونے والی ایک اہم ملاقات کے دوران نائب وزیر دفاع کرنل جنرل کریم والیئف نے آرمی چیف کو دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی و عالمی سیکیورٹی صورتحال اور دفاعی تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ آرمی چیف نے آذربائیجان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور آذربائیجان و آرمینیا تنازع کے پُرامن حل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے علاقائی استحکام کے لیے مثبت قدم قرار دیا۔
کرنل جنرل کریم والیئف نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، خصوصاً انسداد دہشت گردی میں آپریشنز کی کامیابی کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے "آپریشن بنیان مرصوص” کا خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف قربانیوں پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
جی ایچ کیو آمد پر آذربائیجان کے نائب وزیر دفاع کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک نے دفاعی اشتراک، تربیتی تعاون اور علاقائی امن کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا، جس سے دونوں برادر ممالک کے درمیان فوجی تعلقات میں مزید بہتری کی امید پیدا ہوئی ہے۔